حزب اللہ کا فوجی کمیپ پر راکٹ حملہ، اسرائیلی وزیر خزانہ کے بیٹے سمیت 8 فوجی اہلکار زخمی
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ زخمی ہونے والوں میں وزیر خزانہ اسموٹرچ کا بیٹا بھی شامل ہے
لبنان سے داغے گئے حزب اللہ کے راکٹس نے اسرائیل کے شمالی علاقے میں واقع ایک فوجی کیمپ کے قریب زوردار دھماکے کیے جس کے نتیجے میں اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل اسموٹرچ کے بیٹے سمیت 8 فوجی اہلکار زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق کئی راکٹس اسرائیلی فضائی دفاعی نظام کو چکمہ دیتے ہوئے ہدف کے قریب جا گرے، جس سے فوجی کیمپ میں تعینات اہلکار متاثر ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں دو فوجیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ زخمی ہونے والوں میں وزیر خزانہ اسموٹرچ کا بیٹا بھی شامل ہے جو اس وقت فوج میں خدمات انجام دے رہا ہے، تاہم اس کی صحت کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے مبینہ ٹھکانوں پر توپ خانے اور فضائی حملے کیے۔
دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بیروت پر اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں کی گئی اور اس کا ہدف اسرائیلی فوجی تنصیبات تھیں۔
