ایران کشیدگی: اسرائیل نے مسجدِ اقصیٰ میں نمازِ جمعہ پر پابندی لگادی
یروشلم کے قدیم شہر میں واقع تمام مقدس مقامات جمعے کے روز بند رہیں گے
ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسجدِ اقصیٰ میں جمعے کی نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی ہے۔
الجزیرہ نیوز کے مطابق اسرائیلی سول ایڈمنسٹریشن کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل ہشام ابراہیم نے اسرائیلی فوج کے پلیٹ فارم المنسق کے ذریعے اعلان کیا کہ ایران کی جانب سے ممکنہ جوابی حملوں اور خطے میں بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یروشلم کے قدیم شہر میں واقع تمام مقدس مقامات جمعے کے روز بند رہیں گے، ان مقامات میں مغربی دیوار اور چرچ آف ہولی سیپلکر بھی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے عبادت گزاروں یا زائرین کو ان مقامات میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب شیخ عکرمہ صبری نے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حکام ہر موقع کو مسجدِ اقصیٰ کو بند کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، جو ان کے بقول بلاجواز اور ناقابل قبول اقدام ہے۔
