کراچی، کشیدہ صورتحال کے باعث بڑی شپنگ لائنز کی بکنگ معطل، قاسم پورٹ سے لوڈنگ بھی بند
دنیا بھر سے کی جانے والی نئی کارگو بکنگ عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے
مشرقِ وسطیٰ، بحیرہ احمر اور مشرقی بحیرہ روم کی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی تجارت شدید متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس کے بعد دنیا بھر کی بڑی انٹرنیشنل شپنگ لائنز نے نئی ایڈوائزریز جاری کرتے ہوئے کارگو بکنگ عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔
شپنگ ذرائع کے مطابق کئی بین الاقوامی کمپنیوں نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی عدم استحکام کے پیش نظر کارگو ہینڈلنگ روک دی ہے، جبکہ بحیرہ احمر اور مشرقی بحیرہ روم کی بندرگاہوں کے لیے تمام نئی بکنگ بھی بند کر دی گئی ہے۔
ادھر خلیجی ممالک کی بندرگاہیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ شپنگ لائنز نے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، بحرین، عراق، کویت، عمان اور قطر کی بندرگاہوں سے کارگو لوڈنگ عارضی طور پر روک دی ہے۔
خلیج فارس اور مشرق وسطیٰ کی غیر یقینی صورتحال کے اثرات پاکستان تک بھی پہنچ گئے ہیں۔ کراچی میں قائم ٹرمینلز سے بھی کارگو لوڈنگ بند کر دی گئی ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے تحت چلنے والے جی ٹی ایل اور QICT پر لوڈنگ معطل کر دی گئی ہے جبکہ صرف کارگو ڈسچارج کی اجازت دی جا رہی ہے۔
شپنگ لائنز نے اپنے جہازوں کو رفتار کم کرنے، محفوظ بندرگاہوں یا کھلے سمندر میں انتظار کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ خلیجی خطے میں موجود تمام جہازوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں کی طرف منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مشرق وسطیٰ کے لیے دنیا بھر سے کی جانے والی نئی کارگو بکنگ عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے جبکہ متاثرہ جہازوں پر موجود کارگو کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
شپنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوتے ہی بکنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔
