ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں امریکی اور اسرائیلی اثاثوں کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے عمانی بندرگاپ پر آپریشن معطل ہوگیا ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی، دوحہ اور منامہ میں مسلسل دوسرے روز دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جس سے خطے میں بڑے تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے خلیج میں امریکی اثاثوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کی صبح دبئی، دوحہ اور منامہ میں زور دار دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ایرانی ڈرون حملے کے بعد عمانی تجارتی بندرگاہ پر آپریشن معطل
عمان کی بندرگاہ دوقم پر ایرانی ڈرون حملے کے بعد تجارتی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے عمان کی دوقم بندرگاہ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت آپریشن روک دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: امارات پر ایرانی حملے، پاکستان شاہینز اور انگلینڈ لائنز کا دوسرا ون ڈے منسوخ
رپورٹ کے مطابق حملے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے جبکہ بندرگاہ کے کچھ حصوں میں معمولی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
عمانی حکام کی جانب سے سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور بحری و فضائی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔
دبئی کی مصروف بندرگاہ جبل علی پر سیاہ دھوئیں کے بادلوں کا ڈیرہ
دبئی کی مصروف بندرگاہ جبل علی پورٹ کے اوپر سیاہ دھوئیں کے بادل دیکھے گئے جبکہ فضا میں میزائلوں کو تباہ کیے جانے کے بعد سفید دھواں بھی نظر آیا۔ ایرانی حملوں کے نتیجے میں جبل علی بندرگاہ پر کام جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔
ایران نے 137 اور 209 ڈرون فائر کیے، اماراتی وزارت دفاع
اماراتی وزارتِ دفاع کے مطابق ہفتے کے روز ایران نے متحدہ عرب امارات پر 137 میزائل اور 209 ڈرون فائر کیے۔ ابو ظہبی ایئرپورٹ پر ایک شخص ہلاک اور سات زخمی ہوئے، جبکہ کویت سٹی اور دبئی ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔
قطر پر 65 میزائل اور 12 ڈرون داغے گئے، حکام
قطری حکام کے مطابق ایران نے قطر کی جانب 65 میزائل اور 12 ڈرون داغے جن میں سے بیشتر کو فضا میں تباہ کر دیا گیا، تاہم 16 افراد زخمی ہوئے۔ اردن کے دارالحکومت عمان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے میزائل بھی مار گرائے گئے۔
امریکا اور اسرائیل کو “قیمت چکانا ہوگی، ایران
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی ہلاکت کو “بڑا جرم” قرار دیا۔ ایرانی پارلیمان کے اسپیکر نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کو قیمت چکانا ہوگی۔
ٹرمپ کی ایک بار پھر دھمکی
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے مزید سخت ردعمل دیا تو امریکا غیر معمولی طاقت سے جواب دے گا۔
ایران میں 30 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا، اسرائیل
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران میں 30 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ خطے میں 27 امریکی اڈوں سمیت اسرائیلی تنصیبات پر حملے کر رہے ہیں۔
ایران میں گزشتہ روز سے جاری حملوں میں کم از کم 201 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں جنوبی شہر میناب کے ایک اسکول پر حملے میں بڑی تعداد میں بچے بھی شامل ہیں۔
ایران میں سوگ کی فضا برقرار
ایرانی حکومت نے سپریم لیڈر کی ہلاکت کے بعد عبوری کونسل قائم کرنے اور سات روزہ سرکاری تعطیلات کے اعلان کی تصدیق کی ہے، جبکہ ملک بھر میں سوگ کی فضا برقرار ہے، حکومت کی جانب سے 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔