بھارتی عزائم ناکام، دی ہنڈریڈ میں پاکستانی کھلاڑی شرکت کریں گے

بھارتی عزائم ناکام، دی ہنڈریڈ میں پاکستانی کھلاڑی شرکت کریں گے

آئندہ نیلامی کیلئے 67 پاکستانی کرکٹرز نے رجسٹریشن کروائی ہے

انگلینڈ کی منفرد کرکٹ لیگ  دی ہنڈریڈ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں کا ڈراپ سین ہوگیا، جب منتظمین اور تمام آٹھ ٹیموں نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایونٹ ہر ملک کے کھلاڑیوں کیلئے برابر کھلا ہے۔

حالیہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بعض ٹیموں کے بھارتی مالکان آئندہ نیلامی میں پاکستانی کھلاڑیوں کو منتخب نہ کرنے پر غور کر رہے ہیں، تاہم تازہ بیان نے ان خبروں کو مسترد کر دیا۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ قومیت کی بنیاد پر امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس سے قبل انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ  نے ٹیموں کو باضابطہ ای میل کے ذریعے خبردار کیا تھا کہ اگر کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے یا امتیاز کے شواہد سامنے آئے تو سخت کارروائی کی جائے گی، جس کے بعد صورتحال واضح ہوگئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آئندہ نیلامی کیلئے 67 پاکستانی کرکٹرز نے رجسٹریشن کروائی ہے، جن میں 63 مرد اور 4 خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔ اس اعلان کے بعد پاکستانی شائقین میں جوش کی لہر دوڑ گئی ہے اور اب سب کی نظریں ڈرافٹ پر ہیں کہ کون سے قومی اسٹار لیگ میں جلوہ گر ہوں گے۔

کرکٹ مبصرین کے مطابق تازہ پیشرفت نے یہ پیغام دیا ہے کہ عالمی لیگز میں کھیل کی بنیاد میرٹ ہے، جبکہ سیاست یا قیاس آرائیوں کو کھیل کے میدان میں جگہ نہیں دی جائے گی۔

Related posts

متحدہ عرب امارات کی لیبر مارکیٹ مستحکم ہے، مزدوروں کی اجرت وقت پر ادا کی جاتی ہے: MoHRE

پی ایس ایل 11 نے ڈیجیٹل دنیا ہلا دی، ابتدائی 22 میچز نے اربوں ویوز کا ریکارڈ توڑ دیا

الجلیلہ فاؤنڈیشن نے 2025 میں 435 ملین درہم کے عطیات حاصل کیے ہیں۔