پاکستان سے غیر ملکی کمپنیوں کے انخلا کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، سی ای سی پی
فروری 2026 تک 1,157 غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں رجسٹرڈ ہیں
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ملک سے غیر ملکی کمپنیوں کے بڑے پیمانے پر انخلا کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ 2022 سے 2025 کے دوران صرف 19 غیر ملکی کمپنیوں نے آپریشنز بند کیے، جبکہ اسی عرصے میں 79 نئی غیر ملکی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں زیرِ گردش 125 کمپنیوں کے انخلا کا حوالہ حالیہ برسوں سے متعلق نہیں بلکہ 1977 سے اب تک کی مجموعی بندشوں کا اعداد و شمار ہے، جسے غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران 82 مقامی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، جس میں چین، امریکا، برطانیہ، جرمنی، آسٹریلیا، ترکی، جنوبی کوریا اور اسپین سمیت مختلف معیشتوں سے سرمایہ کار شامل ہیں۔
ایس ای سی پی کے اعداد و شمار کے مطابق فروری 2026 تک 1,157 غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں رجسٹرڈ ہیں، جو ملکی کارپوریٹ شعبے میں بین الاقوامی موجودگی اور اعتماد کی عکاسی کرتی ہیں۔
