بھارت: کھلے میدان میں نماز پڑھنے پر بزرگ مسلمان پر تشدد
بزرگ کے ساتھ بدسلوکی کی گئی اور اسے مذہبی نعرے لگانے پر مجبور کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔
بھارتی ریاست اُترکھنڈ کے شہر رودراپور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک بزرگ مسلمان کو کھلے میدان میں نماز ادا کرنے کے دوران مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واقعہ کے دوران شاہد نامی متاثرہ شخص جو پیشے سے مزدور ہے، وہ مندر کے قریب نماز پڑھ رہا تھا کہ مندر کے منتظم نے اسے لاٹھیوں سے مارا پیٹا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بزرگ پر بدسلوکی کی گئی اور اسے مذہبی نعرے لگانے پر مجبور کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ متاثرہ شخص کا طبی معائنہ کیا جارہا ہے اور قانونی کارروائی جلد عمل میں لائی جائے گی۔
یہ واقعہ بھارت میں مذہبی رواداری اور اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے سوالات کو دوبارہ اجاگر کررہا ہے۔
انسانی حقوق کے کارکنوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
