جانوروں کیساتھ ناروا سلوک؛ اشنا شاہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھ دیا
جانوروں کے ساتھ ہمدردی اور شفقت کا عملی مظاہرہ کیا جائے
پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے پنجاب میں جانوروں کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کو خط لکھ دیا۔
اداکارہ نے یہ خط اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔ خط کے آغاز میں انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے صفائی، عوامی تحفظ اور خواتین کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا، تاہم اس کے ساتھ ہی جانوروں کے حقوق سے متعلق ایک اہم مسئلے کی نشاندہی بھی کی۔
اشنا شاہ نے ایک ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں ایک کتے کو گاڑی سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹنے کی فوٹیج دیکھی، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کے باعث عوامی سطح پر غلط تاثر جنم لیتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ جانوروں کے ساتھ بدسلوکی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
خط میں انہوں نے منظم ڈاگ فائٹس، گدھوں اور دیگر جانوروں پر تشدد جیسے واقعات کا بھی ذکر کیا اور تجویز دی کہ جانوروں کے تحفظ سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے، جنگلی جانوروں کو بطور پالتو رکھنے پر پابندی عائد کی جائے اور صوبے بھر میں آگاہی پروگرامز شروع کیے جائیں۔
خط کے اختتام پر اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر جانوروں کے ساتھ ہمدردی اور شفقت کا عملی مظاہرہ کیا جائے تو نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کے لیے ایک مثبت مثال قائم کی جا سکتی ہے اور مجھے امید ہے کہ اس معاملے پر سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔
