راشد خان کا بڑا اعزاز، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 700 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے

راشد خان کا بڑا اعزاز، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 700 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے

یہ سنگِ میل انہوں نے افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے میچ میں حاصل کیا جو دہلی میں کھیلا گیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران راشد خان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 700 وکٹیں مکمل کر لیں اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے۔

یہ سنگِ میل انہوں نے افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے میچ میں حاصل کیا جو دہلی میں کھیلا گیا۔

راشد خان نے فروری 2025 میں ڈیوین براوو کا 631 وکٹوں کا ریکارڈ عبور کرنے کے بعد سے ٹی ٹوئنٹی کے سب سے کامیاب وکٹ ٹیکر کا اعزاز برقرار رکھا ہوا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر 432 مختلف بلے بازوں کو آؤٹ کیا، جو ایک ریکارڈ ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر ان کے شکار ہونے والے بلے بازوں کی تعداد 130 ہے اور وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔

فرنچائز اور عالمی لیگز میں راشد خان 442 وکٹیں لے چکے ہیں، جہاں ان سے آگے صرف سنیل نارائن اور براوو ہیں، جبکہ ایشیا میں سب سے زیادہ 406 ٹی ٹوئنٹی وکٹوں کا ریکارڈ بھی انہی کے پاس ہے جس میں عمران طاہر دوسرے نمبر پر ہیں۔

بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی میں ان کی 145 وکٹیں ہیں جو مردوں کی کرکٹ میں دوسرے نمبر پر ہیں اور اس فہرست میں سرفہرست شکیب الحسن ہیں۔

راشد خان افغانستان سمیت مختلف فرنچائز ٹیموں کیلئے بھی پچاس سے زائد وکٹیں لے چکے ہیں، جو ان کی مسلسل عمدہ کارکردگی کا ثبوت ہے۔

Related posts

عظمت اللہ کی آل راؤنڈ کارکردگی، افغانستان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی فتح

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، سینیئر کھلاڑیوں کی اسکواڈ سے چھٹی ہونے کا امکان

پاکستانی ٹیم کی ناکامی پر تابش ہاشمی کا مزاحیہ اور دلچسپ ردعمل وائرل