بی این پی اتحاد نے دو تہائی اکثریت سے میدان مار لیا

بنگلادیش الیکشن: بی این پی اتحاد نے دو تہائی اکثریت سے میدان مار لیا

بی این پی اور اس کے اتحادیوں نے اب تک 211 نشستیں جیت لی ہیں

بنگلادیش میں عام انتخابات کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، جن کے مطابق بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے واضح برتری حاصل کرلی ہے۔

بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی این پی اور اس کے اتحادیوں نے اب تک 211 نشستیں جیت لی ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے اتحاد نے 70 نشستوں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

رپورٹس کے مطابق الیکشن میں 3 آزاد امیدواروں نے بھی کامیابی حاصل کی، نیشنل سٹیزن پارٹی کو 3 نشستیں ملی ہیں جبکہ جاتیہ پارٹی اور اسلامی اندولن بنگلادیش نے ایک، ایک نشست حاصل کرلی ہے۔

بنگلادیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ 60 فیصد سے زائد رہا اور 12 کروڑ 76 لاکھ سے زیادہ ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

ادھر بی این پی کے چیئرمین طارق رحمان نے بھی دونوں حلقوں سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

دوسری جانب بنگلادیش میں تعینات امریکی سفیر برینٹ ٹی کرسٹینسن نے بی این پی اور طارق رحمان کو کامیاب انتخابات اور تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امریکا دونوں ممالک کے مشترکہ اہداف، خوشحالی اور سلامتی کے لیے مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں سرکاری نتائج کا اعلان تاحال جاری ہے، تاہم مقامی میڈیا نے بی این پی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کی پیشگوئی کی ہے۔

 عالمی مبصرین کے مطابق ان انتخابات کے بعد ملک میں سیاسی استحکام آنے کی امید کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ ساڑھے 17 کروڑ آبادی پر مشتمل بنگلادیش میں تقریباً 15 برس تک شیخ حسینہ واجد کی جماعت برسراقتدار رہی، تاہم عوامی شکایات اور احتجاج کے بعد اگست 2024 میں سیاسی صورتحال میں بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی تھی۔

Related posts

متحدہ عرب امارات کے صدر، VPs نے عبداللہ بن حمد العطیہ کے انتقال پر امیر قطر سے تعزیت کی

متحدہ عرب امارات کے صدر اور نائب صدر نے یمن کے سابق صدر عبد ربہ منصور ہادی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا

متحدہ عرب امارات کے ویک اینڈ کا موسم: دبئی اور راس الخیمہ کے پہاڑوں میں ٹھنڈا درجہ حرارت کہاں تلاش کرنا ہے، جب کہ شہروں کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہے