لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کوئی کوئی ذاتی مقصد نہیں، صرف بنگلادیش کو عزت دلوانا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے 60 فیصد کھلاڑیوں کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس صوبے میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے حوالے سے بہت زیادہ پوٹینشل پایا جاتا ہے اور اگر اس ٹیلنٹ کو مزید مواقع اور مناسب پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں تو یہ پاکستان کرکٹ کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی نے زور دیا کہ ٹیلنٹ کو جتنا زیادہ پروموٹ کیا جائے گا، پاکستان کرکٹ اتنی ہی مضبوط ہوگی۔ ہم سب کو مل کر کھیلوں کے فروغ کے لیے مثبت اور اچھی خبریں دینی چاہیے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو۔
بنگلادیش کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے واضح کیا کہ ہمارا مقصد بنگلادیش کو عزت دلانا تھا اور بنگلادیش نے جو مؤقف اختیار کیا وہ تسلیم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں تھا بلکہ خالصتاً مقصد بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ کرانا تھا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تین ملکی کرکٹ کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی ایسا ایجنڈا زیر غور تھا۔
