پاکستان بزنس فورم کا دودھ والی کمپنیوں کی قیمتیں ریگولیٹ کرنے کا مطالبہ
معروف ڈیری کمپنیوں کی سال 2025 کی آمدنی 60 سے 100 ارب روپے کے درمیان رہی
پاکستان بزنس فورم (پی بی ایف) نے ڈیری مصنوعات خصوصاً ٹیٹرا پیک دودھ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پی بی ایف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیری مصنوعات خصوصاً ٹیٹرا پیک دودھ کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے تاکہ یہ عوام کی پہنچ میں آئیں۔
پاکستان بزنس فورم کے مطابق موجودہ وقت میں ریٹیل مارکیٹ میں دودھ فی لیٹر 360 سے 380 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ اگر جی ایس ٹی ختم بھی کر دی جائے تب بھی قیمت 305 سے 315 روپے فی لیٹر بنتی ہے۔
اس کے برعکس، بھارت اور بنگلا دیش میں ٹیٹرا پیک دودھ کی قیمت پاکستانی کرنسی میں 250 سے 270 روپے فی لیٹر ہے۔
چیف آرگنائزر احمد جواد نے کہا کہ حکومت ڈیری مصنوعات میں جی ایس ٹی کی شرح 7 فیصد مقرر کرے اور فوری طور پر ٹیٹرا پیک دودھ کی قیمت میں فی لیٹر 50 روپے کی کمی کرے۔
پی بی ایف نے خبردار کیا کہ حکومتی وعدے مہنگائی کم کرنے کے حوالے سے دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں، اور دودھ جیسی بنیادی ضرورت عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہو رہی ہے۔
پی بی ایف نے مزید کہا کہ معروف ڈیری کمپنیوں کی سال 2025 کی آمدنی 60 سے 100 ارب روپے کے درمیان رہی، اس کے باوجود قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔
