دنیا کیلئے آخری پیغام؛ جیکی چن نے انتقال کے بعد ریلیز ہونے والا گانا ریکارڈ کروا دیا
انسان کو اپنے جذبات اور خیالات کا اظہار بروقت کر لینا چاہیے
عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکار اور مارشل آرٹس کے لیجنڈ جیکی چن نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک خصوصی گانا ریکارڈ کر لیا ہے جو ان کے انتقال کے بعد دنیا کے سامنے لایا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جیکی چن نے بیجنگ میں اپنی نئی ڈرامہ فلم ”ان ایکسپیکٹڈ فیملی“ کے پریمیئر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گانا ان کی جانب سے دنیا کے لیے ایک آخری پیغام ہوگا۔
جیکی چن کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں قریبی دوستوں اور عزیزوں کی وفات نے انہیں زندگی کے بارے میں گہرے غور و فکر پر مجبور کیا، جس کے بعد انہوں نے محسوس کیا کہ انسان کو اپنے جذبات اور خیالات کا اظہار بروقت کر لینا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ اپنے دل کی باتوں اور آخری احساسات کو انہوں نے موسیقی کی صورت میں محفوظ کر لیا ہے، تاہم خاندان اور انتظامیہ کی خواہش پر یہ گانا فی الحال ریلیز نہیں کیا جائے گا اور ان کے انتقال کے بعد ہی عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
اداکار نے مزید کہا کہ ماضی میں وہ خطرناک اسٹنٹس کے دوران کم عمری میں جان سے جانے اور ایک لیجنڈ بننے کے تصور سے متاثر تھے لیکن وقت کے ساتھ ان کی سوچ بدل گئی ہے اور اب وہ زندگی کو ایک مختلف زاویے سے دیکھتے ہیں۔
