یورپی ممالک کو گرین لینڈ کی حمایت مہنگی پڑگئی، 10 فیصد ٹیرف عائد
گرین لینڈ کے حصول تک یہ ٹیرف واجب الادا اور قابل ادائیگی رہے گا، ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 یورپی ممالک پر 10 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ڈنمارک، ناروے، سوئیڈن، فرانس، جرمنی، برطانیہ، نیدرلینڈز اور فن لینڈ پر یکم فروری سے 10 فیصد ٹیرف عائد کریں گے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق یہ اضافی ٹیرف گرین لینڈ کے حصول اور اس کی عالمی اہمیت کے پیش نظر عائد کیا جارہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ گرین لینڈ کے حصول تک یہ ٹیرف واجب الادا اور قابل ادائیگی رہے گا جب کہ انہوں نے یکم جون 2026 سے ٹیرف کو 25 فیصد تک بڑھانے کا بھی اعلان کیا ہے۔
امریکی صدر نے گرین لینڈ کو عالمی امن کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین اور روس اس پر نظر جمائے ہوئے ہیں اور ڈنمارک کچھ نہیں کرسکتا۔
ٹرمپ نے امریکی قومی سلامتی اور عالمی تحفظ کے حوالے سے گرین لینڈ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ گزشتہ 150 سال سے گرین لینڈ کو خریدنے کی کوشش کررہا ہے۔
انہوں نے ڈنمارک اور متعلقہ ممالک کو فوری مذاکرات کی پیشکش بھی کی ہے تاکہ معاملہ باہمی رضامندی سے حل ہوسکے۔
اسی دوران صدر ٹرمپ نے وال اسٹریٹ جرنل کی ایک خبر کو جھوٹا قرار دیا اور واضح کیا کہ جے پی مورگن کے سربراہ جمی ڈائمن کو فیڈ چیئرمین یا وزیر خزانہ کے عہدے کے لیے کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔
انہوں نے جے پی مورگن کے خلاف ڈی بینکنگ پر دو ہفتوں میں مقدمہ دائر کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے 6 جنوری کے احتجاج کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں انتخابی عمل میں دھاندلی ہوئی۔ انہوں نے اسکاٹ بیسنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاندار کام کررہے ہیں اور کسی تبدیلی کا سوال ہی نہیں۔
