گرین لینڈ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر، امریکا کو فیصلہ کن قدم اٹھانا ہوگا؛ ڈونلڈ ٹرمپ
س خطے کی جغرافیائی پوزیشن اسے عالمی دفاعی حکمت عملی میں مرکزی مقام دیتی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گرین لینڈ امریکا کی قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کرچکا ہے اور اس کے بغیر نہ صرف امریکی دفاع بلکہ نیٹو کا مجموعی دفاعی نظام بھی نامکمل رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اگر اس معاملے پر فیصلہ کن قدم نہیں اٹھاتا تو روس یا چین گرین لینڈ پر اثر و رسوخ حاصل کرسکتے ہیں جو مغربی دنیا کے لیے ایک بڑا اسٹریٹجک خطرہ ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ گرین لینڈ جدید دفاعی منصوبوں، بالخصوص ’’سنہری گنبد‘‘ جیسے دفاعی نظام کے لیے ناگزیر حیثیت رکھتا ہے۔ اس خطے کی جغرافیائی پوزیشن اسے عالمی دفاعی حکمت عملی میں مرکزی مقام دیتی ہے جسے نظرانداز کرنا امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
امریکی صدر نے نیٹو پر بھی زور دیا کہ وہ گرین لینڈ کے معاملے پر امریکا کی رہنمائی کرے اور اس کے حصول میں تعاون فراہم کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیٹو امریکی فوجی طاقت کے بغیر ایک مؤثر دفاعی اتحاد نہیں بن سکتا جب کہ گرین لینڈ کے بغیر نیٹو کی دفاعی صلاحیت ادھوری رہے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا اپنی فوجی طاقت کو ایک نئی اور اعلیٰ سطح پر لے جارہا ہے اور اس مقصد کے لیے اہم اسٹریٹجک مقامات پر کنٹرول حاصل کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔
ان کے مطابق اگر گرین لینڈ امریکا کے ہاتھ میں آتا ہے تو نہ صرف امریکا بلکہ نیٹو بھی پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط دفاعی قوت بن جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ گرین لینڈ کا حصول ناگزیر ہے اور اس سے کم کسی بھی آپشن کو قابل قبول نہیں سمجھا جاسکتا۔ یہ معاملہ محض علاقائی توسیع کا نہیں بلکہ عالمی سلامتی، دفاعی برتری اور مستقبل کی جنگی حکمت عملی سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی مسابقت کے تناظر میں امریکا کو بروقت اور مضبوط فیصلے کرنا ہوں گے ورنہ عالمی توازن طاقت امریکا اور اس کے اتحادیوں کے خلاف جاسکتا ہے۔
