پی آئی اے نے ایک ہی ٹکٹ پر ہوائی اور ٹرین کے سفر کی سہولت فراہم کردیں
ٹکٹ کی بکنگ پی آئی اے کی باضابطہ ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن سے کی جاسکتی ہے۔
اسلام آباد: پی آئی اے نے کینیڈا اور برطانیہ کی ریل سروسز کے ساتھ تاریخی اشتراک کرکے ایک ہی ٹکٹ پر ہوائی اور ٹرین کے سفر کی سہولت فراہم کر دی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کینیڈا اور برطانیہ کی ریل سروسز کے ساتھ تاریخی اشتراک کیا گیا ہے جس کے تحت اب ایک ہی ٹکٹ پر ہوائی اور ٹرین کے سفر کی سہولت فراہم کردی گئی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پروازوں سے ٹورنٹو پہنچنے والے مسافر وہاں کی پارٹنر ایسیس ریل سروس کے ذریعے کینیڈا کے 8 اہم شہروں تک اپنا سفر جاری رکھ سکیں گے۔
پی آئی اے سے برطانیہ کے شہروں مانچسٹر اور لندن کے لیے سفر کرنے والے مسافر 50 سے زائد شہروں تک ایسیس ریل سروس کے ذریعے رسائی حاصل کرسکیں گے۔
پی آئی اے کے مسافر اپنی منزل مقصود تک ٹکٹ پی آئی اے کے تمام بکنگ دفاتر اور رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس سے حاصل کرسکتے ہیں۔
ٹکٹ کی بکنگ پی آئی اے کی باضابطہ ویب سائٹ اور پی آئی اے کی موبائل ایپلیکیشن سے بھی کی جاسکتی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ معاہدے کا بنیادی مقصد مسافروں کو ان کے گھر کی دہلیز تک بہترین سفری سہولت فراہم کرنا ہے جب کہ اس سہولت سے مسافروں کے وقت کی بچت ہوگی۔
واضح رہے کہ ایئر ٹو ریل اشتراک پی آئی اے کے نیٹ ورک کو ڈیجیٹل اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔