تہران میں ہنگامے شدید، ٹرمپ کو ایران پر حملے کیلیے بریفنگ دے دی گئی
دو ہفتوں سے جاری احتجاج کے دوران 109 سیکیورٹی اہلکار اور 116 مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں
تہران: ایران کے دارالحکومت تہران اور دیگر شہروں میں مہنگائی کے خلاف جاری احتجاج پرتشدد رخ اختیار کر گیا ہے۔
ایرانی پولیس چیف نے کہا ہے کہ ہنگاموں میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطاقب گزشتہ دو ہفتوں سے جاری احتجاج کے دوران 109 سیکیورٹی اہلکار اور 116 مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران میں کارروائی کے مختلف آپشنز پر بریفنگ دے دی گئی ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر ایک اور حملے کے منصوبے پر غور کر رہے ہیں اور انہیں فوجی آپشنز پر بریفنگ دی جا چکی ہے۔
ادھر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر کارروائی کی تو اسرائیل کو نشانہ بنایا جائے گا، جبکہ خطے میں موجود امریکی اڈے بھی ایران کے ہدف پر ہوں گے۔
ممکنہ امریکی حملے کے پیش نظر اسرائیل میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
اسی تناظر میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
