خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 157 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 126 مرد، 8 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 12 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔
پی ڈی ایم اے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 35 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں 28 جزوی طور پر اور 7 مکمل طور پر تباہ ہوئے۔ متاثرہ اضلاع میں سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، دیر اپر و لوئر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام شامل ہیں۔
حکام کے مطابق بونیر، باجوڑ اور بٹگرام سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع ہیں، جہاں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ صوبائی حکومت نے امدادی کارروائیوں کے لیے دو ہیلی کاپٹر باجوڑ اور بونیر روانہ کر دیے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شدید بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، اس لیے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے، سیاحتی مقامات پر بند شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، موسمی معلومات یا اطلاع کے لیے پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔