پاکستان اور عراق کا مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز پر اتفاق
ایئر چیف مارشل کی عراقی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات
پاکستان اور عراق کی فضائی افواج کے سربراہوں نے ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز پر اتفاق کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے عراق کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہیں عراق کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اسٹاف پائلٹ مہند غالب محمد راضی الاسدی سے ملاقات کی، جس دوران عسکری تعاون، مشترکہ تربیت، استعداد کار میں اضافہ اور عملی تعاون کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایئر چیف نے پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایئر فورس عراق کی فضائی تربیت اور صلاحیت بڑھانے میں مکمل معاونت فراہم کرے گی۔
دونوں افواج نے ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے انعقاد پر اتفاق کیا۔
عراقی ایئر چیف نے پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کی تربیت کو سراہا اور جے ایف-17 تھنڈر اور سپر مشاق ٹرینر طیاروں میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔
ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو کا دورہ عراق دونوں فضائی افواج کے دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو اجاگر کرنے کا عکاس ہے۔
