امریکی گلوکارہ جینیفر گروٹ جو عرب دنیا میں اپنی کلاسیکی عربی موسیقی کی مہارت کے لیے مشہور ہیں، حال ہی میں انہوں نے قرآنی تلاوت کے ذریعے عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی ہے۔
رپورٹس کے مطابق جینیفر گروٹ نے 2013 میں اسلام قبول کیا اور تب سے وہ قرآن پاک کی متاثر کن تلاوتیں سوشل میڈیا پر شیئر کر رہی ہیں، جو نہ صرف مسلمانوں کے دلوں کو چھو رہی ہیں بلکہ غیر مسلم ناظرین کے لیے بھی روحانیت کا ایک نادر تجربہ ثابت ہو رہی ہیں۔
جینیفر گروٹ عرب گوٹ ٹیلنٹ 2013 کی فائنلسٹ رہ چکی ہیں۔ ابتدائی طور پر عربی زبان نہ جاننے کے باوجود، انہوں نے امِ کلثوم جیسے کلاسیکی عربی گلوکاروں کے گیت شاندار انداز میں پیش کیے، جس نے سامعین کو فوراً متاثر کیا۔
عربی اور مراکشی موسیقی سے اپنی محبت کے باعث جینیفر گروٹ مراکش منتقل ہوگئیں، جہاں انہوں نے نہ صرف زبان سیکھی بلکہ وہاں کی ثقافت میں بھی مکمل طور پر غرق ہوگئیں۔
اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے قرآن پاک کی تلاوتیں ریکارڈ کر کے دنیا کے سامنے پیش کیں، جس نے انہیں عالمی سطح پر ایک منفرد شناخت دی۔
جینیفر گروٹ کی یہ منفرد پہچان، عربی موسیقی اور اسلامی روحانیت کے امتزاج کی بہترین مثال ہے، جس نے انہیں دنیا بھر میں ایک نمایاں مقام عطا کیا ہے۔
