بابر اعظم کی بھارتی مداح کے ساتھ سیلفی وائرل
بابر اعظم نے بھارتی مداح کے ساتھ تصویر بنوائی اور آٹوگراف بھی دیا۔
میلبرن: قومی کرکٹر بابر اعظم کی بھارتی مداح کے ساتھ سیلفی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بابر اعظم نے میلبرن میں بھارتی مداح کے ساتھ خوشگوار لمحہ شیئر کرکے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرلی۔ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میلبرن اسٹارز اور سڈنی سکسزر کے مقابلے کے بعد بابر اعظم نے شائقین سے ملاقات کی اور آٹوگراف دیے۔
تماشائیوں میں موجود ایک بھارتی لڑکی نے بابر اعظم کی تصویر والا پوسٹر اٹھا رکھا تھا اور ان سے آٹوگراف کے ساتھ سیلفی کی درخواست کی جب کہ لڑکی نے بھارتی ٹیم کی جرسی پہنے ہوئے تھی۔
بابر اعظم نے درخواست قبول کی جس کے بعد بھارتی مداح کے ساتھ تصویر بنوائی اور آٹوگراف بھی دیا۔ یہ منظر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
شائقین نے بابر اعظم کے شائستہ اور مثبت رویے کو خوب سراہا اور کہا کہ اگرچہ پاک بھارت کرکٹ مقابلے ہمیشہ جذباتی ہوتے ہیں مگر بابر اعظم کی مقبولیت سرحدوں سے ماورا ہے۔
میچ کی بات کی جائے تو سڈنی سکسزر نے میلبرن اسٹارز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔ بابر اعظم اس میچ میں بیٹنگ کے دوران نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے اور ساتویں اوور میں اسٹارز کے کپتان مارکس اسٹوئنس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم آؤٹ ہونے پر واضح طور پر ناخوش دکھائی دیے، انہوں نے بیٹنگ پارٹنر سے مختصر گفتگو کی مگر فیصلے کو چیلنج نہ کیا۔ وہ 17 گیندوں پر 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگز میں ایک چوکا شامل تھا۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں اب تک بابر اعظم کی کارکردگی ملی جلی رہی ہے۔ سات اننگز میں انہوں نے 145 رنز اسکور کیے جن میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔
