اداکار ہمایوں اشرف نے موبائل اسنیچنگ کے خوفناک واقعے کی تفصیل بتادیں
موبائل چھننے کے واقعات اس لیے زیادہ خوفناک ہوتے ہیں کیونکہ یہ اچانک پیش آتے ہیں، ہمایوں اشرف
پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں اشرف نے حال ہی میں اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک خوفناک موبائل اسنیچنگ واقعے کی تفصیلات بیان کی ہیں جس میں وہ شدید زخمی بھی ہوئے تھے۔
ہمایوں اشرف خدا اور محبت، رنگ محل، میرے داماد، انتقام، سلطنت، احسان فراموش، اب دیکھ خدا کیا کرتا ہے اور نقاب جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جس دوران گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اشرف نے بتایا کہ موبائل چھننے کے واقعات اس لیے زیادہ خوفناک ہوتے ہیں کیونکہ یہ اچانک پیش آتے ہیں اور انسان ذہنی طور پر بالکل تیار نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے سے صرف ایک ہفتہ قبل میں نے ایک مہنگا موبائل فون خریدا تھا تو اچانک ایک دن چور ان کے قریب آیا اور اسلحہ تان کر موبائل دینے کا مطالبہ کیا۔
اداکار کے مطابق انہوں نے پہلے موبائل فون تو دے دیا مگر پھر چھین کر فون لے لیا تاہم اسنیچر نے دوبارہ موبائل چھین لیا جس پر ہمایوں اشرف نے اسے پیچھے سے پکڑلیا۔ خود کو چھڑانے کے لیے ملزم نے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگیا۔
ہمایوں اشرف نے بتایا کہ انہیں خدشہ تھا کہ حملہ آور دوبارہ واپس آسکتا ہے، اس لیے وہ ایک گاڑی کے پیچھے چھپ گئے۔ کچھ دیر بعد دو نوجوان ان کے پاس آئے اور خیریت دریافت کی۔
اسی دوران انہوں نے محسوس کیا کہ ان کی پتلون خون میں بھیگی ہوئی ہے کیونکہ گولی ان کی ٹانگ کو چھوتی ہوئی گزر گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا مگر شدید درد کے باعث وہ سمجھ نہیں پارہے تھے کہ کیا کریں تاہم انہیں یہ یقین تھا کہ وہ جان سے نہیں جائیں گے مگر تکلیف بہت زیادہ تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں کو ابتدا میں یہ اندازہ نہیں ہو پارہا تھا کہ چوٹ کس نوعیت کی ہے جس پر انہوں نے پہلے درد کم کرنے کی دوا دینے کی درخواست کی تاکہ بعد میں مکمل علاج کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ اداکار کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے ان کے لیے نیک تمناؤں اور ہمدردی کے پیغامات سامنے آرہے ہیں۔
