نئے سال کی فلکیاتی شروعات، 2026 کا پہلا سپر مون کل آسمان پر جلوہ گر ہوگا
اگلا سپر مون سلسلہ نومبر 2026 میں دوبارہ شروع ہوگا
سال 2026 کا پہلا سپر مون کل آسمان پر دکھائی دے گا، جسے روایتی طور پر وولف مون کہا جاتا ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق یہ سپر مون اکتوبر 2025 سے شروع ہونے والے سپر مونز کے سلسلے کا آخری منظر بھی ہوگا، جس کے باعث فلکیات کے شوقین افراد کے لیے یہ ایک خاص اور یادگار موقع بن گیا ہے۔
ترجمان سپارکو کا کہنا ہے کہ پاکستان میں یہ سپر مون شام 5 بج کر 51 منٹ پر طلوع ہوگا، جبکہ چاند کی روشنی تقریباً 99.8 فیصد تک ہوگی، جس کے باعث یہ نہایت روشن اور دلکش دکھائی دے گا۔
ماہرین کے مطابق اس موقع پر زمین اور چاند کے درمیان فاصلہ تقریباً 3 لاکھ 62 ہزار کلومیٹر ہوگا، جس کی وجہ سے چاند عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور زیادہ روشن نظر آئے گا۔
سپارکو کے مطابق اس بار چاند معمول کے پورے چاند کے مقابلے میں 6 سے 7 فیصد بڑا اور تقریباً 10 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا، جو اسے عام فل مون سے منفرد بناتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی دوران کواڈرینٹڈ شہابی بارش بھی اپنے عروج پر ہوگی، جس سے آسمان پر ایک دلکش فلکیاتی منظر دیکھنے کو ملے گا۔ شوقین افراد 3 اور 4 جنوری کی راتوں میں کھلے آسمان تلے یہ نظارہ بہتر انداز میں دیکھ سکیں گے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق سپر مون کا یہ سلسلہ اب اختتام کو پہنچ رہا ہے اور اس کے بعد اگلا سپر مون سلسلہ نومبر 2026 میں دوبارہ شروع ہوگا۔
ماہرین فلکیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ روشنی سے دور مقامات پر جا کر اس قدرتی نظارے سے لطف اندوز ہوں، کیونکہ ایسا خوبصورت فلکیاتی منظر روز روز دیکھنے کو نہیں ملتا۔