پارک ویو سٹی میں بدانتظامی؛ عائشہ عمر کے سوالات سوشل میڈیا پر وائرل
اسلام آباد کے پارک ویو سٹی میں بدانتظامی پر عائشہ عمر کا تشویش زدہ ردعمل
اسلام آباد کے پارک ویو سٹی میں نئے سال کی تقریبات کے دوران بدانتظامی کے مناظر سامنے آنے پر معروف اداکارہ عائشہ عمر نے سوشل میڈیا پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عائشہ عمر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ہم کیا ہیں؟ ہم کہاں ہیں؟ اور ہم کون ہیں؟۔ ان کے مطابق یہ سوالات نئے سال 2026 کے سب سے بڑے چیلنجز کی عکاسی کرتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ نئے سال کی شام عوام کے لیے خوشی اور جشن کا ایک سادہ موقع ہونا چاہیے تھا، تاہم پارک ویو سٹی میں سامنے آنے والے مناظر نہایت تشویشناک اور مایوس کن تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ طویل قطاریں بدنظمی اور جھگڑوں میں بدل گئیں، بعض افراد کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا گیا، لیمپ پوسٹس اکھاڑ دی گئیں جبکہ بینچز کو پانی میں پھینک دیا گیا۔
متعدد شہریوں نے شکایت کی کہ بھاری داخلہ فیس وصول کرنے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے مناسب تفریح اور سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔
صارفین کے مطابق انتظامیہ کی خاموشی نے عوامی غصے اور مایوسی میں مزید اضافہ کیا۔
