سال 2026 کا پہلا سپر مون کب آسمان پر جلوہ گر ہوگا؟
سپر مون غیر معمولی طور پر بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دے گا
سالِ نو کا پہلا سپر مون جلد ہی آسمان پر نمودار ہونے والا ہے۔
ماہرین کے مطابق 3 جنوری کو پورا چاند طلوع ہوگا، جو غیر معمولی طور پر بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دے گا۔
یہ سپر مون گزشتہ مہینوں میں نظر آنے والے سپر مونز کے سلسلے کی آخری کڑی ہوگا، جس کا آغاز اکتوبر میں ہوا تھا۔
سائنس دانوں کے مطابق سپر مون اس وقت بنتا ہے جب چاند زمین کے نسبتاً زیادہ قریب آجاتا ہے، جس کے باعث وہ عام حالات کے مقابلے میں تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن نظر آتا ہے۔
مزید پڑھیں: 2025 کے آخری سپر مون کا حسین نظارہ
ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوری کے اس چاند کا مکمل ترین مرحلہ ہفتے کی دوپہر تقریباً 3 بجے ہوگا، تاہم اس سے ایک رات قبل بھی چاند آسمان پر ایک بڑے اور چمکدار گولے کی صورت میں واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔
جنوری کے پورے چاند کو مختلف روایتی ناموں سے بھی پکارا جاتا ہے، جن میں وولف مون، کولڈ مون اور ہارڈ مون شامل ہیں۔ اگرچہ یہ نام قدیم روایات سے منسوب کیے جاتے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق ان میں سے بیشتر نام حالیہ برسوں میں زیادہ مقبول ہوئے ہیں۔