نیویارک کے پہلے نو منتخب مسلم میئر ظہران ممدانی نے حلف اٹھا لیا
ان کی حلف برداری کو مذہبی رواداری، تنوع اور شمولیت کی ایک مضبوط مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے
نیویارک کے پہلے نو منتخب مسلم میئر ظہران ممدانی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، انھوں نے قرآنِ پاک پر حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں ظہران ممدانی اپنی اہلیہ کے ہمراہ شریک ہوئے اور انھوں نے قرآن شریف پر ہاتھ رکھ کر حلف لیا، ظہران ممدانی نیویارک کے 111ویں اور پہلے مسلمان میئر ہیں۔
حلف اٹھانے کے بعد ظہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلمان میئر بن گئے ہیں۔ ان کی حلف برداری کو مذہبی رواداری، تنوع اور شمولیت کی ایک مضبوط مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے سٹی ہال کے نیچے ایک تاریخی سابق سب وے اسٹیشن پر ظہران ممدانی سے نیویارک سٹی کے میئر کی حیثیت سے حلف لیا۔
اس موقع پر ظہران ممدانی نے کہا کہ ان کے لیے یہ واقعی زندگی بھر کا ایک اعزاز ہے۔
تقریب میں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی اور ظہران ممدانی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
حامیوں کا کہنا ہے کہ ان کی قیادت نیویارک میں اتحاد، مساوات اور باہمی احترام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
میئر ظہران ممدانی نے اس موقع پر کہا کہ وہ تمام شہریوں کی بلا تفریق خدمت کریں گے اور نیویارک کو مزید مضبوط، محفوظ اور منصفانہ شہر بنانے کے لیے کام کریں گے۔
یاد رہے کہ 34 سالہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ امیدوار ظہران ممدانی نے میئر کے انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔
ظہران ممدانی نے 50 اعشاریہ 78 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ ان کے حریف سابق گورنر اینڈریو کومو کو 41 اعشاریہ 6 فیصد ووٹ ملے تھے۔
