یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے
صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شیخ محمد بن زاید کا پاکستان کا یہ پہلا باضابطہ دورہ ہے
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، جہاں وہ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یو اے ای کے صدر آصف علی زرداری وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال ہوگا، جبکہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے فروغ اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای کے صدر 26 دسمبر کو پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان نے بتایا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح وفد بھی ہوگا۔
اماراتی صدر کے استقبال کے لیے دارالحکومت میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اسلام آباد کو دونوں ممالک کے پرچموں اور استقبالی بینرز سے سجا دیا گیا ہے۔ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شیخ محمد بن زاید کا پاکستان کا یہ پہلا باضابطہ دورہ ہے، جبکہ اماراتی صدر کے طیارے کو پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے ایسکورٹ کریں گے۔
