رواں سال کراچی میں بھتہ خوری کے ہوشربا اعداد و شمار سامنے آگئے
کارروائیوں کے دوران 6 بھتہ خور مارے گئے جب کہ 14 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
کراچی میں سال 2025 کے دوران بھتہ خوری کے خلاف جاری اقدامات سے متعلق ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے تفصیلات جاری کردیں۔
ایس ایس پی ایس آئی یو عمران خان کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر بھتہ خوری کے 171 مقدمات درج کیے گئے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو نے بتایا کہ دورانِ تفتیش 171 میں سے 75 کیسز اصل بھتہ خوری کے ثابت ہوئے جبکہ باقی 96 مقدمات لین دین، زمین اور پلاٹ کے تنازعات، ذاتی معاملات، لڑائی جھگڑوں اور دیگر نوعیت کے تنازعات سے متعلق نکلے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بھتہ خوری کے اصل 75 کیسز میں سے 71 کو کامیابی سے ٹریس کرلیا گیا جو کہ 95 فیصد ٹریسنگ ریشو بنتا ہے۔ ان مقدمات میں مجموعی طور پر 128 ملزمان کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی۔
ایس ایس پی ایس آئی یو کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران 6 بھتہ خور پولیس مقابلوں میں مارے گئے جب کہ مقابلوں کے دوران 14 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار بھی کیا گیا۔ رواں سال بھتہ خوری میں ملوث مجموعی طور پر 91 ملزمان کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو عمران خان نے مزید کہا ہے کہ کراچی میں بھتہ خوری کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
