ایپسٹین فائلز: سابق شہزادہ اینڈریو کی متنازع تصاویر منظرِ عام پر
پرنس اینڈریو کو پانچ افراد کی ٹانگوں پر نیم دراز حالت میں دیکھا جا سکتا ہے
واشنگٹن / لندن: ایپسٹین فائلز میں ایسی تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں برطانیہ کے سابق شہزادے پرنس اینڈریو) کو متنازع حالت میں دکھایا گیا ہے۔
امریکی محکمۂ انصاف کی جانب سے جاری کی گئی ایپسٹین فائلز میں برطانیہ کے سابق شہزادے پرنس اینڈریو (اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر) کی متنازع تصاویر سامنے آنے پر ایک بار پھر شدید بحث شروع ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایک غیر تاریخ شدہ تصویر میں پرنس اینڈریو کو پانچ افراد کی ٹانگوں پر نیم دراز حالت میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کا سر ایک خاتون کی گود کے قریب ہے۔
تصویر میں ایپسٹین کی قریبی ساتھی اور سزا یافتہ جنسی اسمگلر غسلین میکسویل بھی موجود دکھائی دیتی ہیں، جو سابق ڈیوک کو دیکھ کر مسکرا رہی ہیں۔
یہ تصویر دراصل ایک فریم میں لگی تصویر کی فوٹوگراف ہے، جو جمعہ کی شب امریکی محکمۂ انصاف کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے دستاویزات کے بڑے ذخیرے کا حصہ ہے۔
فائلز میں عدالتی ریکارڈ، ویڈیوز اور تصاویر شامل ہیں، اور ویب سائٹ پر سرچ درخواستوں کے غیر معمولی دباؤ کے باعث صارفین کو قطار میں انتظار کرنا پڑا۔
پرنس اینڈریو پر الزام ہے کہ انہوں نے کم سن ورجینیا جیفرے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، جس کی وہ سختی سے تردید کرتے ہیں۔
تاہم 2022 میں انہوں نے ایک دیوانی مقدمہ نمٹانے کے لیے جیفرے کو خطیر رقم ادا کی تھی، حالانکہ ان کا دعویٰ تھا کہ وہ اس خاتون سے کبھی ملے ہی نہیں۔
پرنس اینڈریو 2019 میں متنازع نیوز نائٹ انٹرویو کے بعد شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو گئے تھے۔
بعد ازاں ان پر بڑھتے دباؤ اور انکشافات کے بعد برطانوی بادشاہ نے ان سے HRH کا اعزاز اور شہزادے کا لقب بھی واپس لے لیا تھا۔
امریکی سیاستدانوں نے ایپسٹین کیس پر سابق شہزادے کی خاموشی پر بھی تنقید کی ہے، خاص طور پر اس وقت جب وہ حالیہ مہینے میں انٹرویو کی درخواست کا جواب دینے میں ناکام رہے۔