میکسیکو میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 10 افراد ہلاک
جیٹ میں آٹھ مسافر اور دو عملے کے افراد سوار تھے، تاہم حادثے کے کئی گھنٹے بعد تک صرف سات لاشیں نکالی جا سکی ہیں
میکسیکو سٹی: میکسیکو میں چھوٹا طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں طیارے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
میکسیکو اسٹیٹ سول پروٹیکشن کے کوآرڈینیٹر ایڈرین ہرنینڈیز کے مطابق حادثہ پیر کے روز پیش آیا۔
حکام کے مطابق طیارہ سان میٹیو اٹینکو کے صنعتی علاقے میں گرا، جو ٹولوکا ایئرپورٹ سے تقریباً پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر اور میکسیکو سٹی سے تقریباً پچاس کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
Cessna Citation III crashes while on approach to Toluca Airport in Mexico, killing 10 passengers and crew. Radar data indicates the aircraft was attempting a go-around at the time of the accident. CCTV reportedly shows the aircraft moments before crashing into a soccer field… pic.twitter.com/hve7BHD8tZ
— Breaking Aviation News & Videos (@aviationbrk) December 15, 2025
طیارے نے بحرالکاہل کے ساحلی شہر آکاپولکو سے پرواز بھری تھی، حکام نے 7 اموات کی تصدیق کردی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نجی جیٹ میں آٹھ مسافر اور دو عملے کے افراد سوار تھے، تاہم حادثے کے کئی گھنٹے بعد تک صرف سات لاشیں نکالی جا سکی ہیں۔
حکام کے مطابق طیارہ بظاہر ایک فٹ بال گراؤنڈ پر لینڈ کرنے کی کوشش کر رہا تھا، مگر قریب واقع ایک کاروباری عمارت کی دھاتی چھت سے ٹکرا گیا، جس کے باعث شدید آگ بھڑک اٹھی۔
سان میٹیو اٹینکو کی میئر انا مونیز نے میڈیا کو بتایا کہ آگ کے باعث علاقے سے تقریباً 130 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
