ایک ذہنی مریض کا بیانیہ قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے ترجمان کہا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر پاکستان اور عوام کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ایک ذہنی مریض قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے، اگر کوئی اپنی ذات کے افواج پر اٹیک کرتا ہے تو اس سے بھرپور نمٹا جائے گا۔
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر پاکستان اور عوام کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، ایک شخص سمجھتا ہے کہ میں نہیں تو کچھ نہیں، اس کا بیانیہ قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہا ذہنی مریض کے اکاؤنٹ سے ٹوئٹ ہوتا ہے پھر سب اس کو دکھاتے ہیں، پاک فوج کے خلاف عوام کو بھڑکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے چیف آف ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹر کے آغاز کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں یہ نظام موجود ہے اور پاکستان میں اس کا قیام خوش آئند ہے، چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج کسی سیاسی جماعت، لسانی گروہ یا مذہبی جھکاؤ کی نمائندہ نہیں بلکہ ریاست پاکستان کی خدمت کرتی ہیں۔ اس لیے ادارے کو سیاسی مہمات میں گھسیٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس بیرونِ ملک بیٹھ کر منظم انداز میں افواجِ پاکستان کے خلاف بیانیہ پھیلا رہے ہیں، جس میں بھارتی اور افغان سوشل میڈیا نیٹ ورکس بھی شامل ہیں۔ یہ اکاؤنٹس ایک مخصوص رخ دے کر عوام اور فوج کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک کے اندرونی امن کے ساتھ ساتھ عالمی مسائل پر بھی نظر ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر
ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی شخصیات کی جانب سے جیل ملاقاتوں کے بعد ایک ہی بیانیہ بار بار سامنے آتا ہے، جو ملکی مفادات کے خلاف ہے۔ معیشت، ترسیلات اور عالمی اداروں کے حوالے سے بھی منفی مہم چلائی جاتی رہی، جس کا مقصد ملک کو نقصان پہنچانا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ فوج تمام سیاسی جماعتوں کا احترام کرتی ہے، لیکن کسی بھی گروہ کو اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ ملک کے دشمن بیانیوں کو تقویت دے یا اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کرے۔ علاقائی دشمن قوتیں اس صورتحال سے فائدہ اٹھا کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
