عراق میں گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ، آپریشن معطل، کردستان میں بجلی بحران

اربیل: عراق میں گیس فیلڈ پر ڈرون حملے کے بعد تمام آپریشنز معطل ہوگئے، جس کے نتیجے میں کردستان ریجن میں بڑے پیمانے پر بجلی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق عراق کے کردستان ریجن میں واقع خورمور گیس فیلڈ پر ڈرون حملے کے بعد تمام آپریشنز معطل کر دیے گئے، جس کے نتیجے میں خطے بھر میں بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش پیدا ہوگئی ہے۔

فیلڈ انجینیئرز اور حکام کے مطابق یہ فیلڈ کردستان کے بڑے گیس ذخائر میں سے ایک ہے اور حملے سے بجلی کی سپلائی شدید متاثر ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: عراق میں شدید ریت طوفان، پروازیں منسوخ، سیکڑوں افراد کو سانس لینے میں دشواری

میڈیا رپورٹس کے مطابق قدرتی وسائل اور بجلی کی وزارتوں نے بتایا ہے کہ حملے کے بعد پاور اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی مکمل طور پر روک دی گئی ہے، جس کے باعث وسیع علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔

ترجمان اومید احمد کے مطابق گیس کی فراہمی رکنے سے 3 ہزار میگاواٹ کی کمی کا خدشہ ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے نے فیلڈ کے اسٹوریج ٹینکس کو نشانہ بنایا، جس سے آگ بھڑک اٹھی اور کئی کارکن زخمی ہوئے۔

ریسکیو ٹیمیں مسلسل آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ انجینیئرز کا کہنا ہے کہ مرکزی لیکوئیڈ گیس ڈپوز کو پہنچنے والا نقصان دو سے تین دن میں مرمت ہوسکے گا۔

ایک کارکن نے میڈیا کو بتایا کہ ڈرون نے اہم اسٹوریج فیسلٹی کو نشانہ بنایا، آگ اب بھی لگی ہوئی ہے اور مزید حملے کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: عراق کے شاپنگ مال میں ہولناک آتشزدگی، 50 افراد جاں بحق، تین روزہ سوگ کا اعلان

کردستانی نشریاتی ادارے روداؤ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں دھواں اٹھتے اور اربیل میں جزوی بلیک آؤٹ دیکھا گیا۔

متاثرہ مقام پر متحدہ عرب امارات کی کمپنی ڈانا گیس، اس کی شراکت دار کریسینٹ پیٹرولیم اور متعلقہ وزارتوں کی ٹیمیں تحقیقات میں مصروف ہیں۔ پیرل کنسورشیم کو خورمور فیلڈ کی ڈویلپمنٹ کے حقوق حاصل ہیں۔

عراقی سکیورٹی میڈیا سیل نے اسے “بزدلانہ دہشت گرد حملہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسٹوریج ٹینک میں آگ بھڑکی مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملہ اربیل اور سلیمانیہ میں بجلی بحران مزید بڑھا دے گا اور ذمہ داروں کا تعاقب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ایک ڈرون نے اسی فیلڈ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، جسے کرد سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا تھا۔

Related posts

حمدان بن محمد نے نیشنل ڈیفنس کالج کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی۔

سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ؛ آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری

ملازمت کے خاتمے سے گولڈن ویزا تک: دبئی کے ایک مواد تخلیق کار کی وائرل ویڈیوز نے اس کی زندگی کیسے بدل دی۔