دبئی، بھارتی جنگی طیارے کے حادثے کے بعد ایئر شو کیوں جاری رہا؟
امریکی ٹیم کے پائلٹ ٹیلر ہیسٹر نے اپنے مظاہرے کو منسوخ کر دیا تھا
دبئی ایئرشو کے آخری روز ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا تھا جب بھارتی لڑاکا طیارہ تیجس اپنے پائلٹ ونگ کمانڈر نمش سیال کے ہمراہ دوران مظاہرہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
اس حادثے میں ونگ کمانڈر سیال موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جس کی تصدیق بھارتی فضائیہ نے ویڈیوز کے منظرعام پر آنے کے فوراً بعد کی۔
حادثے کے بعد ایئرشو کے منتظمین نے صرف دو گھنٹوں میں پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔
حادثے کے بعد مختلف ٹیموں نے الگ الگ ردعمل ظاہر کیا۔ امریکی ٹیم کے پائلٹ ٹیلر ہیسٹر نے اپنے مظاہرے کو منسوخ کرنے کی وجہ بیان کی، جبکہ روسی نائٹس نے شو جاری رکھتے ہوئے پائلٹ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دبئی ایئرشو کے مطابق حادثے کے بعد ہونے والے آخری مظاہرے بھی ونگ کمانڈر سیال کی یاد میں کیے گئے۔
ایونٹ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ شو جاری رکھنے کا فیصلہ ونگ کمانڈر سیال کی ہوابازی کے شوق اور خدمات کے احترام کے طور پر کیا گیا۔
بھارتی پائلٹ 34 سالہ ونگ کمانڈر نمانش سیال ہماچل پردیش کے رہائشی تھے جو بھارتی فضائیہ کی سینئر افسر تھے، ان کی لاش دبئی سے بھارت منتقل کی گئی اور ان کے آبائی علاقے میں باوقار آخری رسومات ادا کی گئیں۔
ابتدائی طور پر ماہرین کا کہنا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر طیارے کی زمین کے بہت قریب مظاہرہ کرنے کے دوران ہوا۔ ویڈیو شواہد کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے آئیں۔
