فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات، دو طرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال
سعودی عسکری وفد نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی
سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
سعودی عسکری وفد نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے پاک سعودی اسٹریٹیجک، عسکری اور دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
گفتگو میں دفاعی اشتراکات، سکیورٹی تعاون اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں مزید پیشرفت پر خصوصی زور دیا گیا۔
سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاکستان کے دفاعی تعاون پر تشکر اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عسکری تعلقات خطے میں امن و استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک سعودی عسکری تعلقات آنے والے دِنوں میں مزید گہرے اور مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
