پاکستان شاہینز فائنل میں پہنچ گئے، سری لنکا کو 5 رنز سے شکست
پاکستان کی طرف سے سفیان مقیم اور سعد مسعود نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3۔3 وکٹیں حاصل کیں
پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں سری لنکا اے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
ویسٹ اینڈ پارک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو پہلے بیٹنگ دی۔ شاہینز نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 153 رنز بنائے۔
غازی غوری نے ناقابلِ شکست 39، معاذ صداقت 23، سعد مسعود اور احمد دانیال نے 22۔22 رنز کی اننگز کھیلیں۔ سری لنکا کی طرف سے پرامود مدوشان 4 اور تراوین میتھیو 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
جواب میں سری لنکا اے پوری طاقت لگا کر بھی 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 148 رنز ہی بنا سکی۔ ملن رتنائیکے 40، وشن ہلمباگے 29 اور لستھ کروسپولے 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی طرف سے سفیان مقیم اور سعد مسعود نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3۔3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ احمد دانیال، عبید شاہ اور شاہد عزیز نے ایک ایک وکٹ لی۔
پاکستان شاہینز نے گروپ مرحلے میں تمام تینوں میچز (عمان، انڈیا اے، یو اے ای) جیتے تھے۔ اب اتوار کو فائنل میں ان کا مقابلہ بنگلہ دیش اے سے ہوگا، جس نے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا اے کو سپر اوور میں شکست دی تھی۔