لکی مروت اور ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 13 بھارتی سرپرست خوارج جہنم واصل
ہلاک خوارج سے بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 13 خطرناک فتنہ الخوارج کو جہنم رسید کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں رات گئے ہونے والے سخت مقابلے میں 10 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک خوارج سے بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر قاتلانہ حملوں میں براہ راست ملوث تھے۔
دونوں علاقوں میں سینٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پلان عزمِ استحکام کے تحت بھارت کی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اور غیر ملکی پشت پناہی سے چلنے والے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لکی مروت آپریشن پر سیکیورٹی فورسز، فرنٹیئر کانسٹیبلری، پولیس اور سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے بہادر سپوتوں نے ایک بار پھر فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ خیبرپختونخوا میں قیامِ امن کے لیے یہ کارروائیاں قابلِ فخر ہیں۔
امن دشمنوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے اور قوم کی حمایت سے پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔”