فیصل آباد میں فیکٹری کا بوائلر پھٹ گیا؛ 12 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق افسوسناک حادثے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
فیصل آباد: ملک پور کے رہائشی علاقے میں قائم کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کے نتیجے میں خوفناک دھماکا ہوا، جس سے فیکٹری مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق افسوسناک حادثے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 17 متاثرین کو ملبے تلے سے نکالا جا چکا ہے جبکہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ مزید لوگ بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔
ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور علاقوں میں ہیوی مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ فیکٹری کی چھت اور ڈھانچہ مکمل طور پر گر گیا جبکہ ساتھ موجود 5 سے 6 قریبی گھر بھی شدید متاثر ہوئے۔
ریسکیو ٹیموں کا کہنا ہے کہ فیکٹری دو کینال رقبے پر قائم تھی اور رہائشی علاقے کے اندر واقع ہونے کی وجہ سے تباہی کا دائرہ بڑا ہوگیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ فیکٹری کے ملبے کے اندر ابھی تک آگ لگی ہوئی ہے جسے بجھانے کے لیے فائر فائٹرز مصروف ہیں جبکہ دھماکے کے بعد علاقے میں بدبو اور دھواں پھیل گیا جس کے باعث حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق نقصان کا مکمل تخمینہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں تین منزلہ گارمنٹس فیکٹری خوفناک آتشزدگی کے بعد زمین بوس