اکتوبر میں آٹو سیکٹر فنانسنگ میں 33 فیصد سالانہ اضافہ
ستمبر 2025 کے مقابلے میں بھی آٹو فنانسنگ میں 3.5 فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی: ملک میں شرحِ سود میں نمایاں کمی کے بعد آٹو سیکٹر میں فنانسنگ کی مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2025 میں آٹو فنانسنگ 33 فیصد سالانہ اضافے کے ساتھ 315 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
گزشتہ سال اکتوبر میں یہ حجم 236 ارب روپے تھا جس سے واضح ہوتا ہے کہ گاڑیوں کی خریداری میں بینک فنانسنگ کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
ماہانہ بنیاد پر بھی اضافہ جاری
رپورٹ کے مطابق ستمبر 2025 کے مقابلے میں بھی آٹو فنانسنگ میں 3.5 فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ستمبر کے مہینے میں آٹو فنانسنگ کا حجم 305 ارب روپے تھا جو اکتوبر میں بڑھ کر 315 ارب روپے ہوگیا۔
شرحِ سود میں کمی نے طلب بڑھائی
جون 2024 میں شرحِ سود 22 فیصد تھی جس کو کم کرکے اب 11 فیصد تک لایا گیا ہے جس کے بعد سے آٹو فنانسنگ میں مسلسل بہتری دیکھنے میں آرہی ہے۔
