نائیجیریا، چرچ پر مہلک حملے کے بعد مختلف اضلاع کے تعلیمی ادارے مکمل بند
ریاست کوارا کے حکام سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر چرچ حملے کی تفتیش کر رہے ہیں
نائیجیریا کی ریاست کوارا میں مسلح افراد کے بڑھتے ہوئے حملوں کے پیشِ نظر حکام نے پانچ اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے فوری طور پر بند کر دیے۔
یہ فیصلہ اس ہفتے ایک چرچ پر ہونے والے مہلک حملے کے بعد سامنے آیا جس نے علاقے میں سیکیورٹی خدشات مزید بڑھا دیے ہیں۔
حکام کے مطابق اسکولوں کی بندش احتیاطی اقدام کے طور پر کی گئی ہے تاکہ طلبہ کو ان مسلح گروہوں سے محفوظ رکھا جا سکے جو حالیہ دنوں میں علاقے میں سرگرم ہیں۔
ملک بھر میں بڑھتی ہوئی بدامنی نے عوامی اضطراب میں اضافہ کر دیا ہے، پیر کے روز شمال مغربی صوبے کیبی میں ایک بورڈنگ اسکول سے 25 طالبات کو اغوا کر لیا گیا، جس نے تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔
تشدد کی بڑھتی ہوئی لہر پر قومی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد صدر بولا تینوبو نے اپنی بیرونی مصروفیات مؤخر کر کے سیکیورٹی امور پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔
ریاست کوارا کے حکام سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر چرچ حملے کی تفتیش کر رہے ہیں اور اسکولوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
