کراچی سے بڑی خبر، جائیداد کی خریدوفروخت، رجسٹری اور تشہیر پر مکمل پابندی
غیرقانونی فلورز اور پورشنز مکمل طور پر غیرقانونی قرار
ڈپٹی کمشنر کراچی ایسٹ نے ضلع بھر میں غیرقانونی پورشنز، اضافی فلورز اور غیرقانونی تعمیرات کے خلاف سخت ترین کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے تمام یونٹس کی خریدوفروخت، تشہیر اور رجسٹری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق گلستانِ جوہر، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، سولجر بازار، پی ای سی ایچ ایس، محمود آباد، بریگیڈ اور گلشنِ اقبال سمیت متعدد علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کراچی ایسٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے فیصلوں کے تحت تمام غیرقانونی فلورز اور پورشنز کو مکمل طور پر غیرقانونی قرار دیا جا چکا ہے اور ان کی خریدوفروخت جرم ہے۔
رئیل اسٹیٹ ایجنٹس، پراپرٹی ڈیلرز اور مارکیٹنگ ایجنسیاں غیرقانونی یونٹس کی فروخت، خریداری یا تشہیر سے سختی سے منع کر دی گئی ہیں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی اور انتظامی کارروائی کی جائے گی۔
اس سلسلے میں سب رجسٹرارز کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی غیرقانونی پراپرٹی کی سب لیز یا رجسٹری قبول نہ کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق تمام رئیلٹرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہر پراپرٹی کی قانونی حیثیت کی مکمل جانچ پڑتال کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ غیرقانونی پورشنز یا اضافی فلورز کی خریدوفروخت میں ملوث تمام افراد قانون کے تحت جوابدہ ہوں گے اور مستقبل میں سنگین قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید کہا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ضلع بھر میں غیرقانونی یونٹس کی تشہیر اور مارکیٹنگ روکنے کیلئے فوری کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
