کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں؛ 23 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک
ہلاک خوارج بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں میں ملوث تھے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 23 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر کرم میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج جہنم واصل ہوئے۔
اسی علاقے میں خوارج کے دوسرے گروہ کے خلاف آپریشن میں 11 دہشتگرد مارے گئے، تاہم ہلاک خوارج بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سینیٹائزیشن جاری ہے، تاہم ”عزمِ استحکام“ کے تحت دہشتگردی کے خاتمے کے لیے آپریشن پوری رفتار سے جاری رہے گا۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشتگردی مٹانے کے لیے پرعزم ہیں۔
