وزیراعظم کا پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانہ
ٹرائی نیشن سیریز میں شریک کھلاڑیوں نے جس اسپرٹ کے ساتھ کھیل پیش کیا، وہ قابلِ ستائش ہے، وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں ٹرائی نیشن سیریز میں شریک پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں خصوصی ظہرانہ دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے تینوں ممالک کی ٹیموں کو کامیاب سیریز کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کھلاڑیوں کے جذبے، مہارت اور لگن کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹرائی نیشن سیریز میں شریک کھلاڑیوں نے جس اسپرٹ کے ساتھ کھیل پیش کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی اپنے اپنے ملک کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں اور میچز میں اسپورٹس مین اسپرٹ و باہمی احترام کی ایسی مثال قائم کریں جو نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہو۔
وزیراعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو بہترین انتظامات پر سراہتے ہوئے کہا کہ سیریز کے تمام میچز اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، مؤثر حکمت عملی اور انتہائی منظم انداز میں منعقد کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مسلسل بین الاقوامی کرکٹ کا انعقاد ملک کے امن، استحکام اور مثبت تشخص کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرائی نیشن سیریز سے کرکٹ کے شائقین کو اعلیٰ درجے کا کھیل دیکھنے کو ملا اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ تینوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے ذریعے دوستی، تعاون اور باہمی اعتماد مزید مضبوط ہوگا اور پاکستان آئندہ بھی عالمی ٹیموں کی بہترین انداز میں میزبانی جاری رکھے گا۔
ظہرانے میں مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ شامل ہیں۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی،سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینیویراتھنے اور زمبابوے کے ہائی کمشنر ٹائیٹس ابو بسوتو نے بھی ظہرانے میں شرکت کی۔
