خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 15 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 15 اور 16 نومبر کو خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف 2 مختلف کارروائیاں کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فتنہ الخوارج کے خلاف یہ کارروائیاں ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرستان میں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر، سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کالاچی میں آپریشن کیا جس میں فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، آپریشن کے نتیجے میں 10 خوارج مارے گئے، ہلاک ہونے والوں میں دہشتگردوں کا سرغنہ عالم محسود بھی شامل تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں بھِی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں مزید 5 خارجی دہشتگردوں کوجہنم واصل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی اسپانسرڈ خارجی دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہے، پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
فیڈرل ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسداد دہشتگردی مہم جاری رہے گی۔
