وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (اسمیڈا) کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ سے متعلق مختلف پالیسی امور پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) ملکی معیشت اور پائیدار ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور حکومت ان کے فروغ کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھا رہی ہے۔
اجلاس کے دوران اسمیڈا میں جاری اصلاحات اور ادارے کی جانب سے حالیہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر سالانہ 3 کروڑ روپے تک کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو “مائیکرو انٹرپرائزز” کا درجہ دے کر سمیڈا کے دائرہ کار میں شامل کر لیا گیا ہے۔
مزید برآں اجلاس کو بتایا گیا کہ ویمن انٹرپرینیورشپ پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، جسے جلد وفاقی کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے سمیڈا ایک خصوصی ڈیجیٹل پورٹل بھی متعارف کروا رہا ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سمیڈا نے کریڈٹ اسکورنگ ماڈل کی تشکیل، برآمدات میں اضافے کی حکمت عملی اور ایس ایم ای سب کنٹریکٹنگ کے قانونی فریم ورک کی تیاری جیسے اہم امور پر کام آؤٹ سورس کر دیا ہے۔
ادارہ وفاقی ادارہ شماریات کے تعاون سے معیشت کے 20 شعبوں پر مبنی جامع سروے بھی کروا رہا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، معاون خصوصی ہارون اختر، رکن قومی اسمبلی نوشین افتخار کے علاوہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ SMEs کی ترقی کے لیے واضح اور مؤثر روڈمیپ مرتب کیا جائے تاکہ ملک کی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
