اسلام آباد: اردن کے شاہ عبداللہ دوم دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئےہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نورخان ائیر بیس پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان موجود دیرینہ برادرانہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات کا مضبوط ثبوت ہے۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے اسٹریٹجک، دفاعی، سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
شاہ عبدالّلہ دوم 21 برس بعد اردن کے کسی فرمانروا کے پہلی سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔
اردن کے شاہ عبدالّلہ دوم کے طیارے کی پاکستانی فضائی حدود میں آمد پر پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے شاہی طیارے کو اسلام آباد تک حفاظتی حصار فراہم کیا۔
وفاقی وزرا، خاتون اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اہم ملاقاتوں کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا
دورے کے دوران شاہ عبداللہ دوم صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون، خطے کی صورتِ حال، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی اشتراک سمیت تمام اہم پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔
ایوانِ صدر میں خصوصی تقریب
پاکستان کی جانب سے شاہ عبداللہ دوم کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے کے لیے ایوان صدر میں خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی جہاں ملکی قیادت اور اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
واضح رہے کہ شاہ عبداللہ دوم کے دورہ پاکستان سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعاون بڑھے گا بلکہ عسکری ہم آہنگی، انسدادِ دہشتگردی تعاون اور علاقائی استحکام کے لیے بھی نئے راستے کھلیں گے۔
