وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کا پمز اسپتال کا دورہ، دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے پمز اسپتال کا دورہ کیا اور اسلام آباد کچہری کے باہر ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔

وزیرِ صحت نے اسپتال انتظامیہ اور عملے کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پمز اسپتال میں 22 زخمی زیرِ علاج ہیں، جبکہ دو افراد کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی فوری اور مؤثر دیکھ بھال کے لیے ڈیزاسٹر وارڈ کو کھول دیا گیا ہے۔

وزیرِ صحت نے مزید بتایا کہ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک تھی، جنہیں ان کے اہلِ خانہ نے اپنی مرضی سے پرائیویٹ اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاج معالجے کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزارتِ صحت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اسپتالوں میں الرٹ جاری کر چکی ہے اور زخمیوں کو مکمل سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Related posts

پاکستان میں بجٹ شفافیت میں نمایاں بہتری، بھارت اور بنگلادیش کو پیچھے چھوڑ دیا

باکو کی سیر؛ ایمن خان اور منیب بٹ کی دلکش تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

رونالڈو اور جارجینا نے بڑی تقریب کے بجائے گھر میں شادی کیوں کی؟ پہلی تصاویر وائرل