دنیا بھر میں پاکستان کے معدنی ذخائر کی عالمی اہمیت کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔
امریکی جریدے فارن پالیسی کے مطابق پاکستان کے معدنی ذخائر 2 لاکھ 30 ہزار مربع میل پر محیط ہیں، یہ معدنی ذخائر برطانیہ کے رقبے سے دوگنا ہیں جو عالمی اہمیت کےحامل ہیں۔
امریکی جریدے میں بتایا گیا کہ معدنی شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری، باہمی معاہدوں سے پاکستان اور سرمایہ کار ممالک دونوں کو معاشی، تکنیکی اور سماجی فوائد حاصل ہوں گے۔
پاکستان میں معدنی وسائل سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے قومی معدنی پالیسی 2025 مرتب کی گئی ہے، جس کے ثمرات پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام تک پہنچیں گے۔
امریکی جریدے کے مطابق صوبوں کے دیہی علاقوں میں انفراسٹرکچر، روزگار اور سماجی ترقی کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائیگی، جبکہ بلوچستان کے گریجویٹس ریکوڈک پروگرام کے تحت بیرونِ ملک تربیت کے لیے بھیجے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں معدنیات کے ذخائر کے منصوبے پر بڑی پیشرفت، 3.5 ارب ڈالر کا معاہدہ طے
معدنی ذخائر کے مؤثر استعمال سے پاکستان میں سماجی اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، قومی معدنی پالیسی کے تحت پاکستان اپنے قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال سے طویل المدتی ترقی اور قومی خودکفالت کی راہ پر گامزن ہے۔
امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی تعاون اور ٹیکنالوجی شیئرنگ سے معدنیات کے شعبے میں مزید پیش رفت کی توقع ہے، اس تناظر میں پاکستان کے معدنی وسائل کی اہمیت عالمی سطح پر مسلم ہے۔