ٹی ایل پی کے پرتشدد احتجاج کے منتظمین کی نشاندہی؛ مشتعل عناصر کی فہرست بھی تیار

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے حالیہ پرتشدد احتجاج کے منتظمین اور مرکزی کرداروں کی نشاندہی مکمل کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق مشتعل عناصر کی تفصیلی فہرست تیار کر لی گئی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ڈیٹا فراہم کر دیا گیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق ملک گیر نیٹ ورک، رابطہ مراکز اور کمانڈ پوائنٹس کی نشاندہی بھی مکمل ہو چکی ہے۔

تحقیقات میں جیوفینسنگ اور کال ڈیٹا ریکارڈ کی مدد سے احتجاج کے ماسٹرمائنڈز اور مرکزی کرداروں کی شناخت کی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ مبینہ فنانسرز اور سہولت کاروں کو بھی علیحدہ کر لیا گیا ہے جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے وارنٹس تیار کیے جا چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بڑے شہروں میں ممکنہ کریک ڈاؤن کے لیے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ املاک کو نقصان پہنچانے والے مظاہرین کی ویڈیوز اور چہرے فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے شناخت کر لیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ مشتبہ فنڈنگ کے ذرائع کی مکمل چھان بین جاری ہے اور بینکاری ریکارڈ محفوظ کر لیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور تمام کارروائی قانون کے مطابق کی جائے گی۔

Related posts

اعصام الحق نے عالمی ٹائٹل اپنے نام کرلیا

رجب بٹ کی دوسری شادی سسٹرولوجی خاندان میں ہوگی؟ ماہر نجوم کی نئی پیشگوئی

فخر زمان لسٹ اے میں زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی ٹاپ 5 فہرست میں شامل