خیبرپختوںخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول رتہ کلاچی پر فتنۃ الخوارج کا بڑا حملہ سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک اور سات پولیس جوان شہید جبکہ چھ زخمی ہوگئے۔
سنٹرل پولیس آفس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شب اس وقت پیش آیا جب دہشت گردوں نے بارود سے بھرے ٹرک کو ٹرننگ اسکول کے گیٹ سے ٹکرانے کی کوشش کی، جس سے دیوار منہدم ہوگئی اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔بعد ازاں مختلف یونیفارم پہنے دہشت گرد اسکول کے اندر داخل ہوگئے اوراندھا دھند فائرنگ کے ساتھ دستی بموں سے حملہ کردیا۔
سیکورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے، پانچ گھنٹے کے مقابلے کے بعد تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
پولیس نے اسکول میں موجود تقریباً 200 افراد بشمول زیر تربیت ریکروٹس، اساتذہ اور اسٹاف کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا، جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔