وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیا کے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے، جہاں انہیں شاہی پروٹوکول کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔
کوالالمپور کے بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز عزت مآب فہمی فاضل نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے بھی وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول میں ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا جہاں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے خود ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
شہباز شریف نے ملائیشیا آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور شاندار میزبانی پر ملائیشین قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
وزیراعظم کی ٹیم میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف یہ دورہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی خصوصی دعوت پر کر رہے ہیں۔
دورے کے دوران دونوں وزرائے اعظم کی ون آن ون ملاقات کے ساتھ وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہو گی۔
ملاقاتوں میں تجارت، آئی ٹی، ٹیلی کام، توانائی، سرمایہ کاری، تعلیم، اور انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوگی۔
دونوں ممالک کے درمیان حلال انڈسٹری، ڈیجیٹل معیشت اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے لیے بھی نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔
دورے کے دوران مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے جو دوطرفہ تعاون کو نئی جہت دیں گے۔
وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
